Mar ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال میں حکمراں جماعت کی انتخابی مہم

ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کی مہم جاری ہے اور ریاست میں ترنمول کانگریس پارٹی کی رہنما اور ریاست کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے وہیل چیئر پر اپنا روڈ شو کیا ہے۔

موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  ریاست مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس پارٹی کی رہنما ممتا بنرجی نے، جو اس ریاست کی وزیراعلی بھی ہیں، وہیل چیئر پر اپنا روڈ شو مغربی کولکتہ کے میو روڈ پر گاندھی مورتی سے شروع کیا۔

اس سے قبل ممتا بنرجی نے اعلان کیا کہ وہ نڈر ہو کر اپنی لڑائی جاری رکھیں گی۔ انھوں نے کہا کہ انھیں کافی درد محسوس ہو رہا ہے مگر وہ لوگوں کے درد کو اور بھی زیادہ محسوس کر رہی ہیں اس لئے وہ چین سے نہیں بیٹھیں گی۔

ممتابنرجی، بدھ کو نندی گرام میں پیش آنے والے ایک حادثے میں زخمی ہو گئی تھیں جنھیں پھر اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ ٹی ایم سی نے اس حادثے کو ممتا بنرجی کے خلاف ایک سازش قرار دیا ہے۔

اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد ممتا بنرجی نے اتوار کو روڈ شو کیا اور کہا کہ اب وہ جیسے بھی ہو اپنی انتخابی مہم جاری رکھیں گی اور پندرہ مارچ کو پورولیا اور سولہ مارچ کو بانکورا نیز سترہ مارچ کو جھارگرام میں ریلیوں سے خطاب کریں گی۔

 

ٹیگس