Mar ۱۶, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۴ Asia/Tehran
  •    ہندوستانی پارلیمنٹ میں بینک ملازمین کی ہڑتال کا جائزہ

ہندوستان میں بینک ملازمین کی ہڑتال پر منگل کے روز اس ملک کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں حزب اختلاف نے مسئلہ اٹھایا۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکا ارجن کھڑگے نے منگل کے روز ملک کے بینکوں میں دو دنوں سے جاری ہڑتال کا مسئلہ اٹھایا اور حکومت سے ان کے اہلکاروں کے مسائل حل کرنے کی درخواست کی۔

ارجن کھڑگے نے وقفہ صفر کے دوران کہا کہ بینکوں کی نجکاری کیے جانے کے خلاف ملک کے نو بینکوں کی یونین پندرہ مارچ سے ہڑتال پر ہیں جس کی وجہ سے عوام اور کاروباریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ ان بینکوں کے تقریباً تیرہ لاکھ اہلکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بینک اہلکار روزگار کے حوالے سے مستقبل کے تئیں فکرمند ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے دوراندیشی کی وجہ سے بینکوں کا نیشنلائیزیشن کیا تھا۔ سنہ دو ہزار آٹھ میں دنیا میں بینکوں کی معشیت تباہ ہو گئی تھی لیکن ملک میں قومیائے جانے کی وجہ سے بینکوں پر اثر نہیں ہوا تھا۔ ارجن کھڑگے نے کہا کہ بینک کے بعد بیمہ کمپنیوں کے اہلکار بھی ہڑتال پر جانے والے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے ان اہلکاروں کے مسائل کو سلجھانے کی درخواست کی ہے۔

یاد رہے کہ ہندوستان میں بینک ملازمین کی ملک گیر ہڑتال منگل کو دوسرے دن بھی جاری رہی ۔ رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے دس لاکھ سے زائد بینک ملازمین پیر سے ملک گیر ہڑتال پر ہیں۔

ٹیگس