ہندوستان میں کورونا کی نئی لہر کا آغاز
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر تیزی آنے کے بعد بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاستی حکومتوں کو فوری اور موثر اقدام کی ہدایت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ریاستی وزرائے اعلی کی ورچوئل میٹنگ ہوئی ۔ اس میٹنگ میں ملک میں کورونا کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔مسٹر مودی نے اس آن لائن کانفرنس میں کہا کہ ہمیں کورونا کی ابھرتی ہوئی دوسری لہر کو فورا روکنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بچنے کے لئے ہمیں فوری طور پر موثر اور فیصلہ کن اقدام کرنا ہوگا۔انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں لاپروائی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
اس میٹنگ میں ہندوستان کے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ان علاقوں اور اضلاع کی فہرست بیان کی جہاں فوری طور پر کچھ پابندیوں کے نفاذ کی ضرورت ہے۔ واضح رہے ہندوستان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا کے انتیس ہزار سے زائد نئے مریضوں اور ایک سو اٹھاسی اموات کا اندراج کیا گیا ۔اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے نئے مریضوں اور اموات کی سب سے زیادہ تعداد بالترتیب مہاراشٹر، پنجاب، کیرالا اور چھتیس گڑھ میں ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین کی تعداد کم ہوکے دس ہزار سے بھی نیچے چلی گئی تھی لیکن گزشتہ چند دنوں سے ایک بار پھر کورونا کے پھیلاؤ نے تیزی پکڑ لی ہے۔ ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ چودہ لاکھ اڑتیس ہزار سات سو چونتیس ہوچکی ہے جن میں سے ایک لاکھ انسٹھ ہزار چوالیس افراد ہلاک اور ایک کروڑ دس لاکھ پینتالیس ہزار دو سو چوراسی افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔
ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد دو لاکھ چونتیس ہزار چار سو چھے بتائی گئی ہے۔ہندوستانی وزارت صحت نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ اب تک ملک بھر میں تین کروڑ پچاس لاکھ چونسٹھ ہزار سے زائد لوگوں کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے۔