مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ٹرن آؤٹ ستر فیصد
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ٹرن آؤٹ ستر فیصد سے زیادہ بتایا گیا ہے۔
کولکتہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سنیچر کو شام چار بجے تک ،اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا تناسب ، ستر اعشاریہ ایک سات فیصد رہا ہے۔
ایک انتخابی افسر نے بتایا ہے کہ سنیچر کو پولنگ شروع ہونے سے پہلے ہی رائے دہندگان کی لمبی لمبی قطاریں نظر آنے لگی تھیں۔
بتایا گیا ہے کہ اکا دکا واقعات کو چھوڑ کے پولنگ پر امن رہی ہے۔
ریاست مغربی بنگال کی حکمراں ترنمول کانگریس پارٹی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں گڑبڑ کئے جانے کا الزام لگایا ہے ۔
ترنمول کانگریس نے کہا ہے کہ بہت سے پولنگ اسٹیشنوں پر لوگوں نے اس کو ووٹ دیئے لیکن وی وی پیٹ مشین پر ان کا ووٹ بی جے پی کے نشان پر دکھایا گیا ہے۔
ترنمول کانگریس نے ٹوئٹر پر الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان لگایا ہے۔
یاد رہے کہ سنیچر کو مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں تیس نشستوں کے لئےووٹ ڈالے گئے ۔
مغربی بنگال کے ساتھ ہی پڑوسی ریاست آسام میں بھی سنیچر کو اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سینتالیس نشستوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے ۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مغربی بنگال کی طرح آسام میں بھی انتخابات میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کے حصہ لیا ہے اور پولنگ شروع ہونے سے پہلے ہی لوگ قطاروں میں لگ گئے تھے۔
توقع کی جارہی ہے کہ مغربی بنگال کی طرح آسام میں بھی پہلے مرحلے کے انتخابات میں ووٹنگ کا تناسب بہت اچھا ہوگا۔