Mar ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۷:۰۰ Asia/Tehran
  • ہندوستانی عوام سے طبی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے کورونا کا ٹیکہ لگوانے اور اس موذی وبا سے بچنے کے لئے طبی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے آل انڈیا ریڈیو، آکاشوانی کے ماہانہ پروگرام " من کی بات" میں کہا کہ ملک میں کورونا کا ٹیکہ لگانے کے مہم چل رہی ہے جو دنیا کے کورونا ویکسین لگانے کی سب سے بڑی مہم ہے ۔ انھوں نے کہا کہ سبھی اہل افراد کو کورونا کا ٹیکہ لگوانا چاہئے۔
مسٹر مودی نے اسی کے ساتھ کہا کہ کورونا کی موذی وبا سے نمٹنے کے لئے طبی ضابطوں جیسے ماسک پہننے، ایک دوسرے سے دو گز کی دوری برقرار رکھنے اور بار بار ہاتھ دھونے کی ہدایات پر بھی سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری طرف ہندوستان کی مرکزی وزرات صحت نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے باسٹھ ہزار سات سو چودہ نئے مریضوں اور تین سو بارہ اموات کا اندراج کیا گیا ہے۔
ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ انیس لاکھ اٹھتر ہزار چھے سو چوبیس اور اموات کی تعداد ایک لاکھ اکسٹھ ہزار پانچ سو باون ہوچکی ہے۔
ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے اٹھائیس ہزار سات سو انتالیس مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد اس ملک میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد ایک کروڑ تیرہ لاکھ تیئس ہزار سات سو باسٹھ ہوگئی ہے۔

ٹیگس