Apr ۰۱, ۲۰۲۱ ۲۰:۰۰ Asia/Tehran
  • مغربی بنگال اور آسام کے الیکشن کے دوسرے مرحلے میں زبردست ووٹنگ

ہندوستان کی پانچ ریاستوں کے اسمبلی الیکشن کے تحت مغربی بنگال اور آسام میں جمعرات کو دوسرے مرحلے کے لئے زبردست ووٹنگ ہوئی

ہندوستانی میڈیا کے مطابق ریاست مغربی بنگال میں دوسرے مرحلے کے اسمبلی انتخابات میں تیس سیٹوں کے لئے جمعرات کو ووٹ ڈالے گئے جبکہ ریاست آسام میں انتالیس نشستوں کے لئے ووٹنگ ہوئی۔

مغربی بنگال میں دوسرے مرحلے کے الیکشن کی تیس سیٹوں پر ایک سو اکہتر امیدوار میدان میں ہیں جن میں سب سے زیادہ اہمیت کی حامل سیٹ نندی گرام کی مانی جا رہی ہے جس پر پورے ہندوستان کی نظر ہے۔ نندی گرام کی نشست پر مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی اور پچھلے دنوں ان کا ساتھ چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے شوبھیندو ادھیکاری کے درمیان سخت مقابلہ ہے اور دونوں ہی پارٹیوں نے اس نشست کو اپنی انا کا مسئلہ بنا لیا ہے۔ اس حلقے میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئےگئے ہیں۔

مغربی بنگال میں شام چھے بجے تک اسّی فیصد سے زائد ووٹنگ ہوئی تھی جبکہ ریاست آسام میں بھی تہتر فیصد سے زائد پولنگ ہونے کی خبریں ہیں -مغربی بنگال اور آسام کے علاوہ تمل ناڈو، کیرالا اور مرکز کے زیرانتظام علاقے پانڈیچیری میں بھی اسمبلی انتخابات ہوں گے اور سبھی ریاستوں کے انتخابات کے نتائج کا اعلان دو مئی کو کیا جائے گا۔ مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتابنرجی نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ اس کے افراد ووٹروں کو دھمکی دے رہے ہیں اور ٹی ایم سی کو ووٹ دینے والوں کو زد و کوب کررہے ہیں جبکہ بی جے پی کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی شکست کے خوف سے اس طرح کا الزام لگارہی ہیں-

ٹیگس