ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں تصادم تین مارے گئے
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیکورٹی اہلکاروں اور مسلح علیحدگی پسندوں کے درمیان زبردست تصادم میں تین افراد کے مارے جانے کی خبر ہے ۔
سری نگر سے ہمارے نمائندے نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پلوامہ میں مسلح علیحدگی پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور راشٹریہ رائفل کے جوانوں پر مشتمل ایک خصوصی آپریشن گروپ کو روانہ کیا گیا۔
اس خصوصی آپریشن گروپ نے جمعے کی رات دیر گئے پلوامہ کے کے پورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کی ۔
اس رپورٹ کے مطابق آپریشن کے دوران مسلح جنگجوؤں نے خود کار ہتھیاروں سے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی جو کافی دیر تک جاری رہی ۔ اس دوران سیکورٹی فورس نے آپریشن روک دیا ۔ صبح ہونے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے دوبارہ آپریشن شروع کیا تو مسلح علیحدگی پسندوں نے دوبارہ فائرنگ شروع کردی ۔ یہ سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تصادم میں تین مسلح علیحدگی پسند مارے گئے ۔ فائرنگ میں ایک خاتون کے بھی زخمی ہونے کی خبر ہے جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔