ہندوستان کی حکومت پر ممتا بنرجی کا الزام
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلی نے الیکشن کمیشن پر جانبداری اور مرکزی افواج پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے لئے کام کرنے کا الزام لگایا ہے۔
کولکتہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے ریاست کے علاقے جمال پور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ ریاست میں انتخابی ڈیوٹی پر تعینات مرکزی افواج, جب تک بھارتیہ جنتا پارٹی کے لئے کام کرتی رہیں گی وہ اس کے خلاف آواز اٹھاتی رہیں گی۔ ممتار بنرجی نے اس سے پہلے بھی مختلف حلقوں کے پولنگ مراکز پر سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات مرکزی افواج پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے لئے کام کرنے کا الزام لگایا تھا۔
جمعے کو انھوں نے اپنے اس بیان پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن بھی بقول ان کے، بی جے پی کے حق میں کام کررہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی پولنگ کے دن بھی انتخابی مہم چلاتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن اس کا کوئی نوٹس نہیں لیتا۔
ترنمول کانگریس کی سربرہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلی نے کہا کہ الیکشن کمیشن ان کی شکایتوں پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن، صرف بی جے پی کی شکایتوں پرعمل کرتا ہے۔
یاد رہے کہ ہندوستان کے الیکشن کمیشن نے مرکزی افواج بالخصوص سی آر پی کے خلاف بیان دینے پر ممتا بنرجی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی، مرکزی افواج کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی کررہی ہیں۔