جموں و کشمیر کے کپوارہ علاقے میں تصادم
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی پولیس نے شمالی ضلع کپوارہ کے ہندوارہ علاقے سے البدر جنگجو تنظیم سے وابستہ دو مقامی عسکریت پسندوں اور تین اعانت کاروں کو گرفتار کر کے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک سینئرافسر نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے فوج کی ایک ٹیم کے ساتھ بارہمولہ- ہندوارہ شاہراہ پر کچلو کراسنگ کے نزدیک ناکہ لگایا۔
انہوں نے بتایا کہ ناکے پرتلاشی کی کارروائیوں کے دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے سیکورٹی فورس کو دیکھتے ہی بھاگنے کی کوشش کی لیکن انہیں موقع پر ہی پکڑ لیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ ان تینوں افراد کی جامہ تلاشی کی گئی جس کے دوران ان سے کچھ اسلحہ اور گولہ بارود نیز البدر تنظیم کا لیٹر ہیڈ بھی بر آمد کیا گیا۔
پولیس افسر نے بتایا کہ ان کی تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ یہ تینوں افراد البدر جنگجو تنظیم کے ساتھ بحیثیت اعانت کار کام کر رہے تھے اور جنگجوؤں کو مدد کے علاوہ غذا و پناہ فراہم کرنے میں مدد بھی کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ افراد نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ دو نوجوانوں نے حال ہی میں جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے اور وہ ہندوارہ علاقے میں سرگرم ہیں۔