May ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۴:۱۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج

ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس ، تامل ناڈو میں ڈی ایم کے، کیرالا میں بائیں محاذ اور آسام میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو واضح برتری حاصل ہے

ہندوستان کی جن پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہوئے تھے ان میں مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس مسلسل تیسری بار بھاری اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے ۔

مغربی بنگال کی نندی گرام نشست پر پہلے ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی جیت کا اعلان کیا گیا مگر پھر بعد میں بی جے پی امیدوار سے ان کی شکست کا اعلان کیا گیا۔

مغربی بنگال میں دوسو نوے نشستوں کے نتائج آچکے ہیں جن میں سے ترنمول کانگریس نے دو سو گیارہ نشستیں حاصل کی ہیں اور دو پر آگے چل رہی ہے۔

بھارتی جنتا پارٹی کو مغربی بنگال میں زبردست شکست کا سامنا ہوا ہے اس کو صرف ستتر نشستیں حاصل ہوسکیں لیکن اس کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد آسام میں حکومت بنانے جارہا ہے۔

ادھر کیرالا میں بایاں محاذ لگاتار دوسری بار اقتدار میں آنے میں کامیاب ہوا ۔ کیرالا کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کوئی جماعت لگاتار دوسری بار اقتدار میں آئی ہے۔  تامل ناڈو میں ڈی ایم کے نے بی جے پی کی اتحادی اے آئی ڈی ایم کے کو زبردست شکست دے کے اقتدار حاصل کرلیا ہے۔ ادھر پڈو چیری میں این ڈی اے حکومت بنانے جارہا ہے۔

ٹیگس