May ۰۵, ۲۰۲۱ ۲۰:۳۸ Asia/Tehran
  • ممتا بنرجی کا حلف اٹھانے کے بعد پہلا خطاب

ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلا نے کوروناوائرس کے خلاف مہم اور امن و امان کے قیام کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں قرار دیا ہے۔

کولکتہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے بدھ کو گورنر ہاؤس راج بھون میں، منعقدہ ایک تقریب میں اپنے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ انھوں نے حلف بنگالی زبان میں لے لیا ہے ۔ انھوں نے ریاستی وزیر اعلا کی حیثیت سے مسلسل تیسری بار حلف لیا ہے۔اس تقریب میں ان کی پارٹی کے منتخب اراکین اسمبلی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ان کی تقریب حلف برداری میں اپوزیشن کا کوئی بھی لیڈر موجود نہیں تھا۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلا ممتا بنرجی نے بدھ کو تیسری بار عہدے اور راز داری کا حلف اٹھانے کے بعد کہا کہ ریاست میں انتظامی امور میں وسیع پیمانے پر تبدیلی کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ تین مہینے سے ریاست کے انتظامی امور الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں تھے اور وہ سمجھتی ہیں کہ بعض تبدیلیاں ناگزیر ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ تمام سیاسی جماعتوں سے ریاست میں قیام امن میں تعاون کی اپیل کی ۔
ممتا بنرجی نے اسی کے ساتھ کورونا کے خلاف سنجیدہ مہم کو بھی اپنی ترجیحات میں قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں ایک میٹنگ میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
یاد رہے کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے بدھ کو مسلسل تیسری بار ریاستی وزیر اعلا کی حیثیت سے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ انھوں نے ریاستی وزیر اعلا کی حیثیت سے پہلی بار دو ہزار گیارہ میں اور دوسری بار دو ہزار سولہ میں حلف اٹھایا تھا۔ 

دو ہزار سولہ میں ان کی جماعت کو اسمبلی کی دو سو گیارہ نشستیں ملی تھیں اور دو ہزار اکیس کے انتخابات میں دوسو بانوے میں سے دو سو تیرہ نشستیں ملی ہیں جبکہ دو نشستوں پر انتخابات امیدواروں کی موت کے سبب ملتوی کردیئے گئے -

 

ٹیگس