May ۲۲, ۲۰۲۱ ۲۰:۲۹ Asia/Tehran
  • دنیا بھر کو ویکسین برآمد کرنے والے ہندوستان کا دارالحکومت ویکسین کو ترس گیا

دہلی میں وزیر اعلا اروند کیجریوال نے کورونا ویکسین ختم ہوجانے کی وجہ سے نوجوانوں کو ویکسین لگانے کے مراکز بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق وزیر اعلا اروند کیجریوال نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ویکسین ختم ہوجانے کی وجہ سے ویکسینیشن سینٹر بند کرنے پڑے جس کا ہمیں بہت افسوس ہے۔

ان کا کہنا تھا جیسے ہی ویکسین فراہم ہوگی ٹیکہ لگانے کا کام دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ تین مہینے کے اندر دہلی کے سبھی باشندوں کو کورونا کا ٹیکہ لگانے کا کام ختم کرنے کے لئے ماہانہ اسّی لاکھ ڈوز ویکسین کی ضرورت ہے لیکن مرکزی حکومت نے دہلی کا کوٹہ کم کر کے، ماہانہ آٹھ لاکھ ڈوز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا اگر دہلی کو ماہانہ آٹھ لاکھ ڈوز ویکسین دی گئ تو سبھی بالغ باشندوں کو ویکسین لگانے میں تیس مہینے لگ جائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تیس مہینوں میں کورونا کی نہ جانے کتنی لہریں آئیں گی اور نہ جانے کتنے لوگ لقمۂ اجل بن جائیں گے۔

دہلی حکومت نے ایسے حالات میں کورونا ویکسین کے ختم ہونے کی اطلاع دی ہے کہ ہندوستان کی مرکزی حکومت دسیون ممالک کو اندرون ملک تیار ہونے والے ویکسین برآمد کر رہی ہے۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق ہندوستان اب تک پینتالیس سے زائد ممالک کو اپنی بنائی ہوئی کورونا ویکسین برآمد کر چکا ہے اور بعض ممالک کی جانب اب بھی یہ کووڈ ویکسین کی برآمدات کا سلسلہ جاری ہے تاہم ہندوستان کی بعض ریاستوں منجملہ دارالحکومت نئی دہلی کو میں کورونا ویسکین کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹیگس