Jun ۰۸, ۲۰۲۱ ۱۸:۳۶ Asia/Tehran
  • مرکزی حکومت سے محبوبہ مفتی کا مطالبہ،  پالیسیوں پر نظرثانی کرے

ہندوستان کے زیرانتظام جموں کشمیر میں پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ وہ کشمیر کے بارے میں اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے۔

 جنوبی کشمیر میں پی ڈی پی کے کارکنوں سے خطاب کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے جموں کشمیرکی سابق  وزیراعلی محبوبہ مفتی نے جموں کشمیر سے متعلق مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نئی دہلی کی حکومت سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ وہ کشمیریوں سے متعلق اپنائی گئی پالیسیوں پر نظرثانی کرے اور اپنا موقف تبدیل کرے -

محبوبہ مفتی نے کشمیر میں کمسن بچوں پر مختلف قسم کی دفعات منجملہ یو اے پی اے لگاکر گرفتار اور جیل میں بند کئے جانے کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی - انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کشمیری عوام کی کوئی بات نہیں سنتی انہوں نے مرکزی حکومت کو خبردار کیا کہ وہ کشمیریوں کو دیوار سے لگانے سے باز رہے کیونکہ یہ روش بہت ہی خطرناک ہے اور اس سے حالات بد سے بدتر ہوجائیں گے۔ انہوں نے ملک اور جموں کشمیر میں کورونا کے حالات میں امرناتھ یاترا کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک اور پوری دنیا نے دیکھا کہ کمبھ میلے کے بعد کووڈ کس قدر پورے ملک کے لئے خطرناک ثابت ہوا ایسے میں امرناتھ یاترا کی اجازت دینا کسی بھی حال میں صحیح نہیں ہے لیکن اس بارے میں حتمی فیصلہ مرکزی حکومت ہی کرے گی کیونکہ وہ کسی کا کوئی مشورہ یا بات نہیں مانتی۔

پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کشمیر میں حال میں بی جے پی کے ایک لیڈر کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس طرح کی واردات کی مذمت کرتے ہیں اور اس سے کشمیر اور کشمیریوں کو ہی نقصان پہنچتا ہے۔ 

ٹیگس