Jun ۱۲, ۲۰۲۱ ۲۱:۲۲ Asia/Tehran
  • بی جے پی حکومت نے کورونا ہلاکتوں کے صحیح اعداد و شمار کو چھپایا: کانگریس

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے بی جے پی حکومت پر کورونا ہلاکتوں کے اعداد وشمار چھپانے کا الزام لگایا ہے۔

کانگریس پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے سنیچر کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں ہیں وہاں کورونا سے متعلق اعداد و شمار میں ہیرا پھیری کی گئی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی سے عدالتی جانچ کا مطالبہ کیا۔

کانگریس پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ ریاست یوپی میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چھپانے کے لئے، شمشان گھاٹوں پر پردے لگادیئے گئے تھے تاکہ کوئی باہر سے فلم نہ بنا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں ہیں، ان کے درمیان ایسا لگتا ہے کہ کورونا سے ہونے والی اموات کی صحیح تعداد چھپانے کے لئے مقابلہ آرائی ہو رہی ہے۔
دوسری طرف کانگریس پارٹی کی قومی جنرل سیکریٹری پرینیکا گاندھی نے کہا ہے کہ مودی حکومت نے کورونا وبا کے دوران جو کردار ادا کیا ہے اس سے ملک کا وقار گر گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے لئے صداقت کا کوئی مطلب نہیں ہے اور وہ پروپیگنڈے پر زیادہ یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ مسٹر مودی نے کورونا کے خلاف لڑائی کے لئے کوئی مشورہ تسلیم نہیں کیا اور اپنے غرور کے باعث حتی ماہرین کی رائے کو بھی نظرانداز کر دیا جس کا خمیازہ پورے ملک کو بھگتنا پڑا۔

ٹیگس