وزیر اعظم مودی کے ساتھ جموں و کشمیر کی کل جماعتی میٹنگ؛ کشمیری عوام کو نتائج کا انتطار
نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں جموں و کشمیر کی کل جماعتی کانفرنس میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی ہندنواز سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائشگاہ پر منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی ہند نواز سیاسی جماعتوں کے اتحاد گپکار الائنس کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ گپکار الائنس نے دو دن قبل سرینگر میں ایک میٹنگ میں، کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ کیا تھا۔
گپکار الائنس میں شامل نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی، کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد بھارتیہ جنتا پارٹی کے چمن لال اور جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے کانفرنس میں حصہ لیا۔
گپکار الائنس کے رہنماؤں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اجلاس میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کریں گے۔ اطلاع ہے کہ اس کانفرنس میں ہندوستان کے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور دیگر اعلی رتبہ افسران نے بھی شرکت کی ۔