ہندوستان، تیل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف مظاہرہ
ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں سنیچر کو یوتھ کانگریس نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہرہ کیا۔
یوتھ کانگریس کے اراکین نے سنیچر کو یہ مظاہرہ ، وزارت پیٹرولیئم کی عمارت کے سامنے کیا۔
مظاہرین نے مرکزی حکومت کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے لئے ذمہ دار قرار دیا۔ یوتھ کانگریس کے مظاہرین نے حکومت سے پیٹرولیئم ایندھنوں کی بڑھی ہوئی قیمتیں واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا اور یوتھ کانگریس کے بہت سے اراکین کو گرفتار کرلیا۔
یاد رہے کہ ہندوستان میں گزشتہ چار مئی سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اور تقریبا روزانہ کی بنیادوں پر اضافہ ہو رہا ہے۔ ہندوستانی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے سنیچر کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی لیکن اس سے پہلے جمعے کو دونوں پیٹرولیئم ایندھنوں میں اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد ممبئی میں پیٹرول کی قیمت ایک سو پانچ روپے، چنئی میں سو روپے نیز دہلی اور کولکتہ میں ننانوے روپے فی لیٹر سے تجاوز کرگئی تھی۔
ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق چار مئ سے جون کے اختتام تک پیٹرول آٹھ روپے اکتالیس پیسے اور ڈیزل آٹھ روپے پینتالیس روپے فی لیٹر مہنگا ہوچکا ہے۔