Jul ۲۲, ۲۰۲۱ ۲۰:۱۱ Asia/Tehran
  • ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ معمول کی کارروائی معطل

ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں حزب اختلاف کے ہنگاموں کے سبب جمعرات کو بھی معمول کی کارروائی نہ چل سکی۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے تیسرے دن کا اجلاس بھی حزب اختلاف کے ہنگاموں کی نظر ہوگیا۔

اس رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں جمعرات کو دوپہر سے پہلے جیسے ہی اجلاس شروع ہوا، حزب اختلاف کانگریس پارٹی، ترنمول کانگریس پارٹی، عام آدمی پارٹی اور بائیں بازو کی پارٹیوں سمیت حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے اراکین نے اسرائیلی اسپائی ویئر پیگاسس کے ذریعے اپوزیشن رہنماؤں کی جاسوسی، بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافےاور کورونا وائرس سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی نیز ایوان میں مبینہ غلط بیانی کا مسئلہ اٹھایا ۔

حزب اختلاف کے اراکین کی نعرے بازی اور ہنگامے کے باعث لوک سبھا کی کارروائی تین بار معطل کرنی پڑی اور پھر اسپیکر نے پورے دن کے لئے کارروائی ملتوی کردی ۔

کم و بیش یہی صورتحال راجیہ سبھا میں بھی رہی ۔ رپورٹ کے مطابق ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن ارکان نے وقفہ سوال کے دوران ہنگامہ شروع کردیا جس کے باعث کارروائی دو بجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی ۔

ہمارے نمائندے کے مطابق دوپہر کے بعد دوبجے کارروائی شروع ہوتے ہی حزب اختلاف نے دوبارہ ہنگامہ اور نعرے بازی شروع کردی جس کے بعد کارروائی پورے دن کے لئے ملتوی کردی گئی ۔

ٹیگس