ہندوستان: پیگاسس نےپارلیمنٹ کی کارروائی روک دی
ڈپٹی اسپیکر نے ایوان کی کارروائی پیر تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
ہندوستان کے ایوان بالاراجیہ سبھا میں پیگاسس جاسوسی معاملے اور کسانوں کی تحریک سے متعلق اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان کا ہنگامہ جمعہ کو بھی جاری رہا جس کے سبب وقفہ صفر اور وقفہ سوالات نہ ہوسکا اور لنچ کے بعد شور شرابے کے درمیان ایوان کی کارروائی پیر تک ملتوی کردی گئی۔
دوسری جانب راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملیک ارجن کھڑگے نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاسوسی 2019 سے جاری ہے اور اس کی وجہ سے ملک محفوظ نہیں رہ سکتا اور جمہوریت کو تباہ کرنے کی کوششیں کی جاری ہیں اس لیے پیگاسس مسئلہ پر ایوان میں بحث ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی پیگاسس مسئلے پر آج پھر ایوان میں بحث چاہتی تھی لیکن حکومت اس پر بحث کے لیے تیار نہیں تھی ، اس لیے ہنگامہ ہوا اور ایوان ملتوی کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ جعمہ کے روز کانگریس، ترنمول کانگریس اور بائیں بازوں کی پارٹیوں کے ارکان نے زبردست ہنگامہ کیا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے ایوان کی کارروائی پیر تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی بھی اس سے قبل ملتوی کردی گئی تھی۔