Aug ۰۵, ۲۰۲۱ ۱۸:۱۳ Asia/Tehran
  • جمعرات کو بھی ہندوستانی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے ہنگامے اور نعرے بازی

ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کے ہنگاموں اور نعرے بازی کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا۔

ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں حزب اختلاف کے اراکین نے جمعرات کو بھی معمول کی کارروائی نہیں چلنے دی ۔

لوک سبھا میں کارروائی شروع ہوتے ہی کانگریس پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں، ترنمول کانگریس، عام آدمی پارٹی، سماج وادی پارٹی اور بائیں بازو کی جماعتوں کے اراکین نے پیگاسس جاسوسی اسکینڈل، کسانوں کی تحریک اور مہنگائی سمیت مختلف مسائل اٹھائے اور نعرے بازی کی۔ اپوزیشن اراکین کے ہنگاموں اور نعرے بازی کے سبب کارروائی پورے دن معطل رہی۔

دہلی سے ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ لگ بھگ یہی صورتحال ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی رہی۔ اس رپورٹ کے مطابق ایوان بالا راجیہ سبھا میں سب سے زیادہ ہنگامہ ترنمول کانگریس کے اراکین نے مچایا۔

یاد رہے کہ بدھ کو ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں ہنگامہ کرنے پر ترنمول کانگریس کے چھے اراکین کو ایک دن کے لئے معطل کردیا گیا تھا۔

ٹیگس