ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین کی تعداد میں اضافہ
ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین کی تعداد میں دس ہزار کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں پینتیس ہزار ایک سو اٹھہتر نئے کورونا مریضوں کا اندراج کیا گیا جبکہ یہ تعداد منگل کو پچیس ہزار ایک سو چھیاسٹھ بتائی گئی تھی۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں چار سو چالیس کورونا کے مریض لقمہ اجل بنے اور سینتیس ہزار ایک سو انہتر افراد شفایاب ہوئے۔
ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد تین کروڑ بائیس لاکھ پچاسی ہزار آٹھ سو ستاون بتائی گئی ہے جن میں سے چار لاکھ بتیس ہزار پانچ سو انیس افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور تین کروڑ چودہ لاکھ پچاسی ہزار نو سو تئیس افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ ہندوستان میں اب تک چھپن کروڑ چھے لاکھ باون ہزار سے زائد لوگوں کو کورونا کا ٹیکہ لگایا جاچکا ہے۔