کانگریس پارٹی کا ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ
کانگریس پارٹی کی تین خاتون رہنماؤں نے مرکزی حکومت سے ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کی خاتون رہنماؤں الکا لامبا، رادھیکا کھیڑا اور سپریا شری نیت نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے گزشتہ دس مہینے میں ایل پی جی کی قیمت میں سات بار اضافہ کیا ہے ۔
کانگریس پارٹی کی ان خاتون رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گزشتہ نومبر سے اب تک کوکنگ گیس کی قیمت میں دو سو پینسٹھ روپے فی سلنڈر یعنی چوالیس فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ مذکورہ خاتون کانگریسی رہنماؤں نے کہا کہ کوکنگ گیس کی آسمان چھوتی قیمتوں نے عام لوگوں کی زندگی اجیرن کردی لہذا حکومت بڑھتی ہوئی قیمت فوری طور پر واپس لے۔
یادرہے کہ ہندوستان کی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن لمیٹیڈ نے کوکنگ گیس کی قیمت میں پچیس روپے پچاس پیسے فی سلنڈر کا اضافہ کردیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق بدھ کو بغیر سبسیڈی والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت، قومی دارالحکومت دہلی اور ممبئی میں پچیس روپے پچاس کے اضافے کے ساتھ آٹھ سو چونتیس روپے پانچ پیسے فی سلنڈر، کولکتہ میں آٹھ سو اکسٹھ روپے اور چنئی میں آٹھ سو پچاس روپے پانچ پیسے فی سلنڈر ریکارڈ کی گئی ۔
ہندوستان کی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے بین الاقوامی منڈیوں میں گیس کے مہنگا ہونے کو کوکنگ گیس کی قیمت میں تازہ اضافے کی وجہ قرار دیا ہے۔