پرینکا گاندھی نے ریلوے اور قومی شاہراہوں کی نجکاری کی سخت مخالفت کردی
ہندوستان میں کانگریس پارٹی کی قومی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے ریلوے اور قومی شاہراہوں کی نجکاری کی سخت مخالفت کی ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق کانگریس پارٹی کی قومی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے ریلوے اور قومی شاہراہوں جیسے سرکاری اثاثوں میں نجی شعبے کی شراکت داری پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی محنت سے بننے والی ملک کی کروڑوں کی مالیت کی یہ جائیدادیں حکومت ، اپنے دوستوں کے حوالے کررہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس حکومت نے خود انحصاری کی بات کرتے ہوئے پوری حکومت کو ہی اپنے ارب پتی دوستوں پر منحصر کردیا ہے۔ انھوں نے مودی حکومت پر الزام لگایا کہ یہ حکومت سارا کام ان ہی ارب پتی دوستوں کے لئے کرتی ہے اور ساری املاک انہیں کے حوالے کررہی ہے۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک نے جو دولت کمائی ہے اسے مودی حکومت دوستوں میں لٹا رہی ہے۔
پرینکا گاندھی نے یہ بیان ایسی حالت میں دیا ہے کہ ہندوستان کی مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے پیر کو ایک پروجکٹ کی افتتاحی تقریب میں کہا تھا کہ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ سے متعلق کچھ اثاثوں میں آئندہ چار سال میں پرائیویٹ سیکٹر کو حصہ دار بنا کر چھے لاکھ کروڑ روپے جمع کئے جائیں گے۔