غزہ کی تباہی اور انسانی جانوں کا نقصان، انسانیت کی بدترین ناکامی: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے دنیا کے موجودہ حالات پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے مزید ناانصافیوں کا پیش خیمہ قراردیا۔
سحرنیوز/دنیا: انتونیو گوتریش نے افریقی یونین اور یورپی یونین کی ساتویں سالانہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے یوکرین پر روس کے حملے کو گزشتہ ایک نسل کے لیے یورپ کی بدترین جنگ قرار دیا جس سے ان کے بقول عام شہری اور عالمی معیشت بری طرح متاثر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا غزہ میں موت اور تباہی کو انسانیت کی سب سے بڑی شکست کے طور پر کبھی بھی بھول نہیں پائے گی جبکہ سوڈان، جنوبی سوڈان، لیبیا، مالی اور ڈی آر سی میں انسانوں کا قتل عام ایک دکھ بھری کہانی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ دنیا بہت تیزی سے بدل رہی ہے اور ہر جگہ افرا تفری پھیل رہی ہے جس کے نتیجے میں ناانصافی مزید بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ دو بڑی طاقتوں کے زیرسایہ بلاک کے بجائے دنیا کو ملٹی پولر نظام کی ضرورت ہے تا کہ تجارت، ترقی، مالیاتی اور سیاسی فروغ حاصل ہوسکے۔