ایتھوپیا آتش فشاں: راکھ کے بادل ہندوستان تک جا پہنچے، پاکستان پر ممکنہ اثرات زیرِ غور
پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایوی ایشن کو آتش فشاں کی راکھ کی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے: ترجمان محکمہ موسمیات
ایتھوپیا میں 12 ہزار سال بعد پھٹنے والے آتش فشاں کی راکھ کے بادل پاکستان سے گزرنے کے بعد ہندوستان کے مختلف شہروں تک جا پہنچے ہیں۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات، دہلی، راجستھان، پنجاب اور ہریانہ میں راکھ کے اثرات دیکھے گئے ہیں جس کے باعث فلائٹ آپریشنز میں راستوں کی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں جبکہ ایئر انڈیا نے متاثرہ فضائی راستوں پر چلنے والی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ بادل اب چین کی سمت بڑھ رہے ہیں اور منگل کی شام ساڑھے سات بجے تک ہندوستان سے نکل جائیں گے۔
دوسری جانب ترجمان محکمہ موسمیات پاکستان انجم نذیر نے بتایا کہ پاکستان کی فضائی حدود اب کلیئر ہیں، راکھ سندھ کے اوپر بحیرہ عرب سے گزری تھی لیکن زمین پر کوئی اثرات نہیں ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایوی ایشن کو آتش فشاں کی راکھ کی ایڈوائزری جاری کی، آتش فشاں کی راکھ کی بلندی 45 ہزار فٹ سے زائد تھی جب کہ ہمارا ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن 36 ہزار اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشن 40 ہزار سے 48 ہزار فٹ کی بلندی پر ہوتا ہے۔