وادی کشمیر میں حالات کشیدہ
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حالات جمعہ کو بھی کشیدہ رہے۔
سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کے انتقال کے دو دن بعد وادی میں حالات کشیدہ ہیں۔ انتظامیہ نے انتہائی سخت بندشیں عائد کردی ہیں، سڑکوں پر آمد و رفت معطل ہے اور پوری وادی میں کرفیو کا سماں ہے-
جموں کشمیر کی انتظامیہ نے آج جمعہ کی نماز کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کردی - انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس نے احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ بندشیں عائد کی ہیں۔
خبروں میں بتایا گیا ہے سید علی شاہ گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ جمعہ کو بھی وادی کے مختلف علاقوں میں ادا کی گئی - سید علی شاہ گیلانی کے گھر کو جمعہ کو بھی سیل رکھا گیا -
حریت لیڈر کے لواحقین کا کہنا ہے کہ سید علی شاہ گیلانی کے جنازے میں انہیں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی اور پولیس کی کسٹڈی میں گیلانی کے جسد خاکی کو سپرد خاک کیا گیا، جبکہ پولیس نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔