Sep ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۰:۱۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان؛ نتن گڈکری نے ایک جملے سے حکومت کے اندرونی حالات سے پردہ اٹھایا

ہندوستان کی حکمراں جماعت بی جے پی کے لیڈر نتن گڈکری نے پیر کے دن راجستھان ودھان سبھا میں ’پارلیمانی سسٹم اور عوامی توقعات‘ کے زیر عنوان سے منعقدہ اجلاس کے اختتام پر صوبائی اسمبلی کے سیشن سے خطاب میں اپنی پارٹی کے لیڈروں کے رویے پر طنزیہ تنقید کی۔

ہندوستان کی حکمراں جماعت بی جے پی (بھاچبا) کی طرف سے کئی صوبوں میں قیادت میں ہوئی  تبدیلی کے تناظر میں نتن گڈکری نے پارٹی کے اندرونی حالات پر طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی وزیر اعلی بنتا ہے اسے اس بات کی فکر ستاتی ہے کہ پتہ نہیں کب ہٹا دیا جائے۔

انہوں نے ایم ایل اے افراد کی چٹکی لیتے ہوئے کہا جو ایم ایل اے ہے اسے اس بات کا دکھ ہے کہ وزیر نہیں بن پائے، جو وزیر ہیں انہیں اس بات کا غم ہے کہ وہ وزیر اعلی نہیں بن پائے اور جو وزیر اعلی ہے اسے اس بات کا ڈر ہے کہ کب رہیں گے، کب جائیں گے اسکا کوئی بھروسہ نہیں۔

انہوں نے سیاست کو سماج میں سیاسی و سماجی تبدیلی کا با اثر ذریعہ بتاتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کا مقصد سماج کے سب سے نچلے پائدان پر کھڑے شخص کی زندگی میں تبدیلی لانا ہے۔

انہوں نے کہا: سماج کی خدمت، سیاست کا ایک حصہ ہے، لیکن افسوس آجکل ہم سیاست کا مطلب صرف اقتدار کا حصول سمجھتے ہیں۔

نتن گڈکری کے اس جملہ سے بھاچپا کے اندرونی حالات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اپنی تقریر میں پانی کی منصوبہ بندی کو بہت اہم بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کی اقتصاد کو بدلنے کے راستے میں سب سے بڑی مشکل پانی ہے۔ نتن گڈکری نے کہا کہ جب تک کسان کو پانی نہیں ملے گا ملک کی تصویر نہیں بدل پائے گی۔

ٹیگس