Oct ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۶:۱۷ Asia/Tehran
  • افغان عوام کی امداد کے لئے ہندوستانی وزیراعظم کا مطالبہ

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی برادری سے افغان عوام کی فوری امداد کا راستہ تلاش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے گروپ بیس کے سربراہی اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں عالمی برادری پر زور دیا کہ افغانستان کے لوگوں کے لیے فوری طور پر انسانی امداد کا راستہ تلاش کیا جائے۔
انہوں نے انسانی بنیادوں پر افغان عوام کی فوری مدد کی ضرورت پر زور دینے کے ساتھ ہی کہا کہ اس بات کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے کہ افغانستان کی سرزمین، علاقے یا دنیا کے لئے دہشت گردی یا مذہبی بنیاد پرستی کا ذریعہ نہ بنے۔
افغانستان کے مسئلے پر گروپ بیس کا یہ ورچوئل اجلاس منگل کی رات اٹلی کے وزیر اعظم کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اٹلی کے وزیر اعظم ماریو ڈراگی نے اجلاس میں اعلان کیا کہ جی بیس کے ممالک، افغانستان کو مالی اور تکنیکی مدد فراہم کریں گے تاکہ ملک کے ہوائی اڈے آسانی سے چلتے رہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گروپ بیس بھی، کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو مکمل طور پر آپریشنل رکھنے کے لیے مالی مدد کرتا ہے۔ بیان میں مزید آیا ہے کہ گروپ بیس، افغانستان کے دیگر ہوائی اڈوں کو تجارتی پروازوں کے لیے دوبارہ کھولنے کی بھی حمایت کرتا ہے۔

ٹیگس