ہندوستان میں کوئلے کی قلت کے باعث بجلی کا بحران
ہندوستان میں پتھر کے کوئلے کی قلت کی وجہ سے بجلی کا بحران بڑھتا جارہا ہے اور متعدد پاور پلانٹ کے بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق حکومت نے کہا ہے کہ پورے ملک میں پتھر کے کوئلے کی قلت کا بحران جاری ہے اور اٹھارہ پاور پلانٹ میں کوئلہ ختم ہو چکا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ پتھر کے کوئلے کی غیر معمولی پیداوار کے بعد بھی ایسے حالات پیدا ہوگئے ہیں اور بہت سے پاور پلانٹ بند ہوگئے ہیں یا بند ہونے والے ہیں۔
ہندوستان میں ایک سو پینتیس ایسے پاور پلانٹ ہیں جہاں کوئلے سے بجلی بنائی جاتی ہے لیکن اب حکومت کا ہی کہنا ہے کہ ان میں سے اٹھارہ پاور پلانٹ ایسے ہیں جہاں کوئلہ ختم ہو چکا ہے اور صرف بیس پلانٹ ایسے ہیں جہاں سات یا اس سے زیادہ دنوں کا اسٹاک موجود ہے۔ کوئلے کی قلت کا بحران ایسے وقت جاری ہے جب گذشتہ اتوار کو وزیر توانائی آر کے سنگھ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ کوئلے کا کوئی بحران نہیں ہے۔
دہلی کے وزیر اعلی کیجری وال نے پچھلے دنوں کہا تھا کہ اگر فوری طور پر کوئلے کی فراہمی نہ کی گئی تو دارالحکومت دہلی اندھیرے میں ڈوب جائے گا۔ راجستھان اور دیگر شہروں کو بھی بجلی کے بحران کا سامنا ہے۔