Oct ۱۶, ۲۰۲۱ ۲۰:۱۰ Asia/Tehran
  • نریندر مودی حکومت پر کانگریس کی تنقید

ہندوستان میں کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے مرکز کی بے جی پی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کی ہے۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اہم مسائل میں حزب اختلاف کو ساتھ لے کر نہ چلنے پر اڑے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی ہمیشہ مضبوط رہی ہے لیکن نریندر مودی نے اپنی کمزور خارجہ پالیسی سے ملک کے لئے خطرات پیدا کر دیئے ہیں۔
کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت کی کمزور پالیسیوں نے سرحد پر خطرہ پیدا کر دیا ہے اور چین، ان کمزوریوں سے فائدہ اٹھا کے دراندازی کر رہا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ چین، ہندوستان کی سرحد کے اندر داخل ہو گیا ہے لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے لوگوں سے جھوٹ بولا کہ سرحد پر کوئی دراندازی نہیں ہوئی ہے۔
سونیا گاندھی نے اپنے خطاب میں پارٹی کے ان لیڈروں کے جواب میں جو کل وقتی صدر کے لئے تنظیمی الیکشن کا مطالبہ کر رہے تھے، کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے انہیں جو ذمہ داری سونپی ہے اس میں وہ سب کو ساتھ لے کر چلی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے دو ہزار انیس سے کل وقتی صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔
سونیا گاندھی نے کہا کہ تنظیمی انتخابات ہونے چاہئیں لیکن اس سے پہلے سب کو متحد ہوکے پارٹی کے مفاد میں کام کرنا چاہئے۔

ٹیگس