Oct ۳۱, ۲۰۲۱ ۲۱:۳۵ Asia/Tehran
  • چپل پہننے والا ہوائی جہاز تک کیا پہنچتا، عام آدمی بھی سڑک پر آگیا، کانگریس رہنما کی بی جے پی حکومت پر شدید تنقید

ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک عوامی ریلی سے خطاب کے دوران بی جے پی حکومت پر شدید حملہ کیا ہے۔

ریاست اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی کے گڑھ گورکھپور میں ایک بڑے عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کی رہنما نے کہا کہ یوپی میں پانچ کروڑ سے زائد لوگ بے روزگار ہیں لیکن ان کے مسائل کے حل کی کسی کو فکر نہیں ہے-

پرینکا گاندھی نے مرکز میں برسراقتدار بی جے پی کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کہتی تھی کہ چپل پہن کر چلنے والا ہوائی جہاز سے سفر کرے گا، لیکن اس کے برخلاف صورتحال یہ ہے کہ عام آدمی آج سڑک پر آگیا۔ ایندھن کی قیمتوں میں روز افزوں اضافے پر حکومت کے سامنے سوالیہ نشان کھڑا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے-

انہوں نے اندرا گاندھی کی برسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی وزیر اعظم اندرا گاندھی کو معلوم تھا کہ انہیں قتل کیا جا سکتا ہے لیکن وہ کبھی نہیں ڈریں۔ انہوں نے کسانوں کی تحریک کی حمایت کا ایک بار پھر اعلان کرتے ہوئے سانحہ لکھیم پور کی مذمت کی اور کہا کہ ملزمان کو سزا دی جائے۔

واضح رہے کہ اگلے چھے مہینے کے بعد یوپی میں ریاستی انتخابات ہونے والے ہیں جس کے پیش نظر سبھی جماعتوں منجملہ کانگریس نے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں اور پرینکا گاندھی مسلسل عوامی ریلیاں کر رہی ہیں۔

ٹیگس