میں اقتدار کے لیے نہیں صرف خدمت کے لیےآیا ہوں: نریندر مودی
نریندر مودی کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں ایسا طرزعمل اختیار کرنا چاہئیے جو مستقبل میں نوجوانوں کے لیے کارآمد ہو۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے آغاز سے قبل نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں ہر موضوع پر حتی کھلی بحث کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ میں ایسا طرزعمل اختیار کرنا چاہئیے جو مستقبل میں نوجوانوں کے لیے کارآمد ہو۔
اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات میں بھی دعوا کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اقتدار میں نہیں رہنا چاہتے بلکہ صرف عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، انکے لیے یہ عہدہ، یہ وزیراعظم، یہ سب چیزیں اقتدار کے لیے نہیں صرف خدمت کے لیے ہیں۔
ہندوستان کے وزیر اعظم مودی کا یہ بیان ایسے عالم میں سامنے آ رہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا حکومت پر یہ الزام ہے کہ وہ ہر قیمت پر اقتدار میں باقی رہنا چاہتی ہے اور نہ صرف مرکزی حکومت بلکہ دیگر ریاستوں میں بھی اپنے اقتدار کا دائرہ بڑھانے کے لئے جی توڑ کوشش کرتے ہوئے ہر ممکن ہتھکنڈا اپنا رہی ہے۔
اپوزیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا یہ بیان آئندہ برس ملک کی سات ریاستوں منجملہ اترپردیش میں ہونے والے انتخابات کے تناظر میں سیاسی پینترے بازی ہے کیوں کی اس سے قبل بھی بارہا پارلیمنٹ میں شہریت سے متعلق متنازعہ قوانین (سی اے اے اور این آر سی) سمیت متعدد موضوعات پر کھلی بحث کرنے کا مطالبہ کیا تھا مگر بی جے پی کی مرکزی حکومت اُس پر تیار نہیں ہوئی تھی۔