6 لاکھ افراد نے ہندوستانی شہریت چھوڑ دی
ہندوستان میں پانچ سال کے اندر 6 لاکھ افراد نے ہندوستانی شہریت چھوڑ دی۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق، پانچ سال کے اندر ہندوستانی شہریت کو ترک کرنے والوں کی تعداد 6 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔
ہندوستان کے مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ نتیانند رای نے پارلیمنٹ میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران 6 لاکھ سے زائد ہندوستانیوں نے ہندوستان کی شہریت چھوڑ دی۔
انہوں نے بتایا کہ جس دوران 6 لاکھ سے زائد افراد نے ہندوستانی شہریت چھوڑی ہے اسی دوران 4177 افراد کو ہندوستانی شہریت دی گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ہندوستان کے مرکزی وزیر مملکت برای داخلہ امور نے سال کے حساب سے شہریت چھوڑنے والے افراد کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ 2017 میں 1 لاکھ 33 ہزار 49 افراد نے ہندوستانی شہریت چھوڑ دی۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں 1 لاکھ 34 ہزار 561 افراد نے، 2019 میں 1 لاکھ 44 ہزار 17 افراد نے، 2020 میں 85 ہزار 248 نے اور 30 ستمبر 2021 تک 1 لاکھ 11 ہزار 287 افراد نے ہندوستانی شہریت چھوڑ دی۔
ہندوستان کے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ امور نتیانند رای نے یہ بھی بتایا کہ ملک گیر این آر سی کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہيں ہوا ہے۔