Dec ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۹:۰۱ Asia/Tehran
  • مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے راجیہ سبھا کے بارہ اراکین کی معطلی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری

ہندوستان کے پارلیمنٹ کے احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے راجیہ سبھا کے بارہ اراکین کی معطلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق کانگریس اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے جمعرات کو مسلسل تیسرے دن ایوان بالاراجیہ سبھا کے بارہ ممبران کی معطلی کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں دھرنا دیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے دھرنے پر بیٹھے ارکان پارلیمان میں کانگریس پارٹی کے سابق صدر اور وائناڈ سے رکن پارلیمان راہل گاندھی، ادھیر رنجن چودھری اور ملک ارجن کھڑگے، ترنمول کانگریس کی ڈولا سین اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ممبران موجود تھے۔

دوسری طرف پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بھی حزب اختلاف کے اراکین نے بارہ اراکین کی معطلی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا۔ رپورٹوں کے مطابق ایوان بالا راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے ہنگاموں کے سبب کارروائی کئی بار معطل کی گئی۔ کم و بیش یہی صورتحال ایوان زیریں لوک سبھا میں بھی رہی۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کارروائی ملتوی ہونے کے بعد اپوزیشن کے اراکین پارلیمان پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے دھرنے میں شامل ہوگئے۔

یاد رہے کہ راجیہ سبھا کے بارہ معطل اراکین نے اعلان کررکھا ہے کہ جب تک ان کی معطلی ختم نہیں کی جاتی وہ سرمائی اجلاس کے دوران ہر روز دس بجے سے شام چھے تک دھرنے پر بیٹھیں گے۔

ٹیگس