ہندوستان میں طوفان سے معمولات زندگی متاثر
ہندوستان کے جنوبی علاقوں میں آئے شدید موسمی طوفان کے باعث معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے ہیں۔
فارس نیوز کے مطابق ہندوستان کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں آئے شدید موسمی طوفان کے بعد جہاں علاقے کے اسکولوں کی چھٹی کر دی گئی، وہیں ریل گاڑیوں کی رفت و آمد کو بھی روک دیا گیا۔
طوفان کی شدت اور اسکے باعث پیدا ہونے والے خطرات کے پیش نظر تقریبا پچپن ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، تاہم اب تک کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق متاثرین کو دوسو سرکاری کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات آئی ایم ڈی کے مطابق خلیج بنگال میں آنے والے اس طوفان کا سلسلہ آئندہ گھنٹوں بھی جاری رہے گا اور اسکے آندھرا پردیش سے ریاست اڈیسا کی طرف پہنچنے کا بھی امکان ہے۔ مذکورہ محکمے نے مغربی بنگال، آدھرا پردیش اور اوڈیسا کے ساحلی علاقوں میں سیلاب اور شدید بارشوں کی پیشینگوئی کی ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث فصلوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
اس سے قبل مئی کے مہینے میں تاوکتا نامی ایک طوفان سے مغربی ہندوستان کے ساحلی علاقے شدید طور پر متاثر ہوئے تھے جس میں کم از کم ایک سو چالیس افراد اپنی جان گنوا بیٹھے تھے جبکہ گزشتہ برس مئی ہی کے مہینے میں آمفان نامی ایک دوسرے طوفان کے باعث سو افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔