Dec ۰۸, ۲۰۲۱ ۱۴:۲۷ Asia/Tehran
  • ہندوستانی چیف آف ڈیفنس بپن راوت کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ، 11 افراد ہلاک

ہندوستان میں فوج کا وہ ہیلی کاپٹر تباہ ہو گيا جس میں اس ملک کے چیف ڈیفنس آف اسٹاف بپن راوت سمیت 14 لوگ سوارتھے۔

ہندوستان کی ریاست تمل ناڈو میں فوج کا ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس میں کئی سینئر افسران موجود تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق کنور کے گھنے جنگلی علاقے میں ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق 3اعلیٰ افسران سمیت 14 لوگ ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔ 3 شدید طور پر زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

 تمل ناڈو کے کوئٹمبور اور سولر کے درمیان حادثے کا شکار ہوئے ایم آئی- سیریز کے ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ، دفاعی معاون، سیکورٹی کمانڈوز اور فضائیہ کے پائلٹ سمیت کل 14 افراد سوار تھے۔

ہندوستانی فضائیہ نے حادثہ کے فوراً بعد ایک بیان میں کہا کہ سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کو لے جا رہا ایک IAF Mi-17V5 ہیلی کاپٹر، تمل ناڈو کے کنور کے پاس آج حادثہ کا شکار ہوگیا۔ حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے تحقیقات کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

اس حادثہ کے بعد وزارت دفاع میں سینئر افسران کی میٹنگ چل رہی ہے۔ افسران نے وزیر اعظم نریندر مودی کو حادثے سے متعلق بریفنگ دی ہے۔ تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ اسٹالن آج شام 5 بجے کنور کے لئے روانہ ہوں گے۔

تمل ناڈو میں فوج کے ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کے حادثہ پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ پارلیمنٹ میں بیان دیں گے۔

واضح رہے کہ اس کریش ہیلی کاپٹر میں چیف ڈیفنس آف اسٹاف جنرل بپن راوت اور ان کے اسٹاف کے ساتھ فیملی کے اراکین بھی سوار تھے تاہم ابھی تک حکومت نے  بپن راوت کے بچ جانے یا ہلاک ہونے کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا ہے۔

ٹیگس