بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے ہر شعبے میں بدعنوانی کو فروغ دیا : پی چدمبرم
ہندوستان کے سابق مرکزی وزیر اور کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما پی چدمبرم نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت پر ہر شعبے میں بدعنوانی کو فروغ دینے کا الزام لگایا ہے۔
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینیئر لیڈر پی چدمبرم نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا یہ دعویٰ یکسر مسترد کردیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت میں کوئی بدعنوانی نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ امیت شاہ کا یہ دعوی بالکل بے بنیاد ہے اور ان کی حکومت کی ہر اسکیم بدعنوانی میں اضافہ کرنے والی ہے۔
مسٹر چدمبرم نے کہا کہ چاہے وہ نوٹ بندی کی اسکیم ہو یا مودی حکومت کے دور میں انتخابی بانڈ اسکیم، سب نے بدعنوانی کو فروغ دیا ۔انھوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت کی ان اسکیموں کے ذریعے بدعنوانوں کو کالے دھن کو سفید میں تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ گزشتہ سات برس میں حکومت پر بدعنوانی کا کوئی الزام نہیں لگا" لیکن نوٹ بندی کچھ لوگوں کو قانونی طور پر کالے دھن کو سفید دھن میں تبدیل کرنے کی اجازت دینے کی اسکیم تھی۔
پی چدمبرم نے کہا کہ انتخابی بانڈ کی حکومت کی اسکیم نے رشوت ستانی کو قانونی تحفظ فراہم کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابی بانڈ کے ذریعے پچانوے فیصد فنڈ کارپوریٹ طبقے نے بی جے پی کو دیئے جبکہ فرانس میں رافیل سودے میں بدعنوانی کی تحقیقات جاری ہیں۔