Dec ۲۴, ۲۰۲۱ ۲۲:۴۰ Asia/Tehran
  • کشمیری رہنما کا بڑا بیان، لاوا پک رہا ہے...

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ کشمیر میں لاوا پک رہا ہے، مجھے یقین ہے اللہ ایک اور موسیٰ پیدا کرے جو آکر اس قوم کو بچائے گا، مجھے اس بات پر پورا اعتماد ہے اور بہت جلد ایسا ہوگا۔

انہوں نے یہ بات ایک ہندوستانی نشریاتی ادارے ’دی وائر‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔

کشمیر کے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ جب وزیر داخلہ نے دفعہ 370 ختم کی تو کہا تھا کہ کشمیر میں اب تک جو ہوتا آیا ہے اس کا ذمہ دار یہ آرٹیکل ہے، میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آج ہم اقتدار میں نہیں وہ اقتدار میں ہیں، کیا وہ کشمیر میں زندگی معمول پر لے آئے ہیں، کیا زیادہ نوکریاں پیدا ہوگئیں؟ کیا لوگ زیادہ ہندوستانی ہوگئے ہیں، کیا تشدد میں کمی آئی ہے؟

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کے بیان کے مقابلے میں زمینی صورتحال بالکل برعکس ہے۔

کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ کیا سمجھتے ہیں کہ لوگ اس کا احساس نہیں کرتے؟ یہ گاندھی اور نہرو کا ہندوستان نہیں۔

انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ سری نگر میں پرتشدد کارروائیوں کا براہِ راست تعلق ہندوستان میں کہیں بھی مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دلت تو ہندو ہیں ان کے ساتھ کیا ہورہا ہے، ان کی بیٹیوں کو ریپ اور ان کا قتل کیا جارہا ہے، کیا یہ ہندوستان ہے، کیا یہ شائننگ انڈیا ہے؟

فاروق عبد اللہ کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنے آپ کو مسترد شدہ محسوس کرتے ہیں، انہیں لگتا ہے کہ کوئی ان کے لیے آواز اٹھانے والا نہیں، انہیں کونے سے لگادیا گیا ہے۔

کشمیر کے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ ایک لاوا پھٹنے والا ہے، آج کوئی پاکستانی آکر ہمارے لیے نہیں لڑے گا، یہ کشمیری نوجوان ہیں جو خود اپنے لیے کھڑے ہو رہے ہیں، جنہیں معلوم ہے کہ وہ ایک روز مارے جائیں گے لیکن اس کے باوجود کھڑے ہیں، کیوں؟ کیوں کہ انہیں کسی قسم کی کوئی امید نہیں۔

ٹیگس