ہندوستان میں مسلم خواتین کی نیلامی والے ایپ کے ملزمان گرفتار
ہندوستان میں مسلم خواتین کی نیلامی کا بلی بائی نامی ایپ چلانے والے دو اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق ممبئی سائبر پولیس نے بلی بائی معاملے کی اہم ملزم خاتون کو ریاست اترا کھنڈ سے اور اس کے ایک ساتھی کو بنگلورو سے گرفتار کرلیا ہے۔ ہندوستانی میڈیا کے مطابق ریاست اترا کھنڈ سے گرفتارکی جانے والی عورت اس معاملے میں اہم ملزم ہے جبکہ اس کے ایک ساتھی کو جو انجینیئرنگ کا طالب علم ہے بنگلورو سے حراست میں لیا گیا - پولیس کی ٹیم ملزمہ سے بازپرس کررہی ہے جس کے بعد ٹرانزیٹ ریمانڈ پر اسے ممبئی لے جایا جائے گا- بنگلورو سے گرفتار دوسرے ملزم کا نام وشال کمار بتایا گیا ہے جسے دس جنوری تک پولیس حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔
ہندوستان میں بلی بائی ایپ پر مسلم خواتین کی نیلامی ، توہین اور انہیں ہراساں کئے جانے کے اس واقعے کے بعد پورے ہندوستان میں غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے - اس ایپ پر ایک سو سے زیادہ معروف مسلم خواتین کی تصاویر لگائی گئی تھیں جن میں صحافی ، سماجی کارکن اور صحافی سبھی شامل ہیں - اس جعلی ویب سائٹ پر صحافی عصمت آرا کی بھی تصویر لگائی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے دہلی پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ مسلم خواتین کی توہین کرنے کی غرض سے بنائی گئی تھی-
واضح رہے کہ گزشتہ جولائی میں بھی سلّی ڈیلس نامی ایک ویب سائٹ نے اسی طرح کی تصویریں شائع کی تھیں جن میں مسلم خواتین کے سلسلے میں توہین آمیز باتیں کی گئی تھیں - دوسری خبر ہے کہ حکومت نے اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور دہلی و ممبئی کی پولیس سے تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے -