Jan ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۷:۲۹ Asia/Tehran
  • بی جے پی نے پنجاب حکومت پر وزیر اعظم کی سیکورٹی میں کوتاہی کا الزام عائد کیا، معاملہ عدالت عظمی میں پہنچ گیا

ہندوستان کی ریاست پنجاب میں وزیر اعظم نریندر مودی کی سیکورٹی میں کوتاہی کا معاملہ ملک کی عدالت عظمی میں پہنچ گیا ہے۔

نئی دہلی سے ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے اس مسئلے پر جمعے کو سماعت کا اعلان کر دیا ہے۔

ریاست پنجاب میں جمعرات کو سیکورٹی نقص کی وجہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کی راستے سے واپسی اور ریلی کی منسوخی کے مسئلے پر عدالت عظمی میں عرضی ہندوستان کی لائرس وائس نامی تنظیم نے دائر کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ نریندر مودی جمعرات کو ریاست پنجاب میں فیروز پور میں ایک ریلی سے خطاب کرنے والے تھے۔ اس سے پہلے وہ حسینی والا سرحد پر قومی شھیدوں کی یادگار پر جانا چاہتے تھے۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کے بجائے وہ زمینی راستے سے جا رہے تھے کہ راستے میں کسان تنظیموں کے کارکنوں نے ان کا راستہ روک دیا جس کے بعد انکے سیکورٹی کے عملے نے ان کی گاڑی کو سیکورٹی حصار میں لے کر واپسی کا فیصلہ کیا۔

اس مسئلے پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس کے درمیان ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی میں شدت آگئی ہے۔ بی جے پی نے پنجاب حکومت پر وزیر اعظم کی سیکورٹی میں کوتاہی کا الزام لگایا ہے لیکن کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ریلی میں بھیڑ جمع نہیں ہو پائی تھی اس لئے سیکورٹی کا بہانہ بنا کر ان کی ریلی منسوخ کر دی گئی ہے۔

ٹیگس