سونیا گاندھی نے وزیر اعظم مودی کی سکیورٹی میں مبینہ کوتاہی پر نوٹس لیا
ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی سکیورٹی میں مبینہ کوتاہی کے معاملے پر کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے پنجاب کے وزیراعلیٰ چرنجیت سنگ چَنّی سے فون پر بات چیت کی اور اس معاملے میں ان سے تفصیلات طلب کیں۔
ہندوستانی ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں اور سکیورٹی میں کوتاہی کے لئے جو بھی ذمہ دار ہیں، ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اس پورے معاملے میں کسی بھی طرح کی کوئی لاپرواہی درست نہیں ہے۔ہندوستان کی کانگریس پارٹی کی صدر کے سخت موقف کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سرنجیت سنگ چنّی نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے اور کمیٹی کو تین دن میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کا پابند بنایا ہے۔
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے بھی جمعرات کو پریس کانفرنس کی لیکن شام ہوتے ہوتے کانگریس صدر نے معاملے کی سنجیدگی کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب سے فون پر بات کی اور پورے واقعہ کا جائزہ لیا۔
خیال رہے کہ ہندوستان کی ریاست پنجاب میں کانگریس کی حکومت ہے اور وہاں پر وزیر اعظم مودی کی سکیورٹی میں مبینہ لاپرواہی کے معاملے سے حکمراں جماعت بی جے پی اور کانگریس پارٹی کے درمیان خاصی کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔
پنجاب کے وزیر اعلا نے سیکورٹی میں کوتاہی کا الزام مسترد کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو پروگرام کے مطابق بھٹنڈہ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے حسینی والا جانا تھا لیکن وہ ہیلی کاپٹر کے بجائے زمینی راستے سے روانہ ہوئے جس کے باعث یہ مسائل پیش آئے۔