Jan ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۷:۱۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان

ہندوستان کے الیکشن کمیشن نے ملک کی پانچ اہم ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔

ہندوستان سے موصولہ خبروں کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا نے دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران پانچ ریاستوں اترپردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، منی پور اور گوا کے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا-

اترپردیش میں دس فروری سے سات مارچ تک سات مرحلوں میں پولنگ ہوگی۔ پنجاب گوا اور اترا کھنڈ میں چودہ فروری کو ووٹنگ ہوگی جبکہ منی پور میں ستائیس فروری اور تین مارچ کو ووٹنگ ہوگی اور سبھی پانچ ریاستوں کے انتخابی نتائج کا اعلان دس مارچ کو کر دیا جائے گا۔ اس طرح انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہوتے ہی ان ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ ہوگیا ہے۔

ہندوستان کے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات کے دوران ہر طرح کی دھاندلی کو روکنے کا مکمل انتظام کیا جائے گا اور الیکشن کے دوران بے تحاشا پیسوں کے استعمال کی کسی بھی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی۔ سشیل چندرا نے الگ الگ ریاستوں کے امیدواروں کے لئے انتخابی اخراجات بھی معین کئے اور کہا کہ زور زبردستی اور طاقت کے استعمال کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، کورونا پروٹوکول کا خاص انتظام رکھا جائے گا اور حتی کورونا کے مریض بھی ووٹ ڈال سکیں گے۔

ہندوستان کے چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ مزید بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پندرہ جنوری تک کوئی بھی پارٹی انتخابی ریلی نہیں کرسکے گی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ شفاف الیکشن کرانا ہماری اولین ترجیح ہوگی۔

ٹیگس