Jan ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۷:۰۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں ریاستی انتخابات کی سرگرمیاں

ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے تعلق سے سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں کافی بڑھ گئی ہیں۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ریاست اتر پردیش میں انتخابات کا بگل بج جانے کے بعد سیاسی جوڑ توڑ اور پارٹی اراکین کی وفاداریوں کی تبدیلی کے ساتھ ہی جلسے جلوسوں اور انتخابی ریلیوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بحیثیت امیدوار ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے پارٹیوں کے اراکین کی بھاگ دوڑ کے ساتھ سیاسی جماعتوں کے صدر دفاتر کی سرگرمیاں بھی بڑھ گئی ہیں ۔
اگرچہ بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس بار یوپی میں اصل مقابلہ سماج وادی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان ہے لیکن بہوجن سماج اور کانگریس بھی پیچھے نہیں ہیں۔
اس دوران کانگریس پارٹی نے اپنے امیداوروں کی دوسری فہرست بھی جاری کردی ہے جو اکتالیس امیدواروں پر مشتمل ہے ۔ اب تک کانگریس پارٹی یوپی میں ایک سو چھیاسٹھ امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے جن میں چھیاسٹھ خواتین شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ہندوستان کی ریاست یوپی میں اسمبلی انتخابات سات مرحلوں میں انجام پائے گا۔ پہلے مرحلے میں دس فروری کو اور آخری مرحلے میں سات مارچ کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
یوپی کے علاوہ پنجاب، اترا کھنڈ، منی پور اور گوا میں بھی اسمبلی انتخابات کے لئے سیاسی سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں۔

 

ٹیگس