اویسی پر حملہ ، وزیرداخلہ کا راجیہ سبھا میں بیان
ہندوستان کے سیاسی رہنما اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی پر قاتلانہ حملے کے بعد وزیرداخلہ امت شاہ نے راجیہ سبھا میں بیان دیا ہے۔
ہندوستانی وزیرداخلہ امت شاہ نے راجیہ سبھا میں ممبرپارلیمنٹ اورآل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی پر یوپی کے ہاپوڑ میں ہوئے قاتلانہ حملے کے بارے میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے کے بارے میں ایک بار پھر پورے طور پر جائزہ لیا گیا اور ہم نے اویسی کو بلیٹ پروف کار اور زیڈ سیکورٹی فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے لیکن خود اسدالدین اویسی نے زیڈ سیکورٹی لینے سے انکار کردیا ہے-
امت شاہ نے کہا کہ ہم اسدالدین اویسی سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی زیڈ سیکورٹی قبول کرلیں-
انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ نے اویسی پر حملے کی فوری طور پر ریاستی حکومت سے رپورٹ طلب کرلی تھی اور دو ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے- واضح رہے کہ جمعرات کو یوپی کے ہاپوڑ ضلع میں اسدالدین اویسی پر اس وقت قاتلانہ حملہ ہوا تھا جب وہ میرٹھ سے واپس دہلی جارہے تھے-
انہوں نے اس حملے کو اپنے خلاف سازش قراردیا اور کہا کہ وہ حکومت کی فراہم کردہ سیکورٹی نہیں لیں گے کیونکہ وہ گھٹن کے ساتھ زندگی نہیں گزارنا چاہتے-
اویسی پر قاتلانہ حملے کی پورے ملک میں مذمت کی جارہی ہے۔