حجاب پر پابندی کے خلاف ہندوستان اور پاکستان میں خواتین کے مظاہرے
ہندوستان اور پاکستان میں ہزاروں کی تعداد مین خواتین نے ہندوستان کی ریاست کرناٹک کے اسکول کالجوں میں حجاب پر پابندی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
ہندوستان کے تعلیمی حکام نے ریاست کرناٹک کے ایک علاقے میں چھے طالبات کو حجاب کے ساتھ کلاس میں جانے سے روک دیا جس پر طلبا و طالبات کی ایک بڑی تعداد نے سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر کے ساتھ اس اقدام پر اپنی مخالفت کا اظہار کیا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں ہندوستان کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مختلف شہروں منجملہ لاہور، کراچی اور دارالحکومت اسلام آباد میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
مظاہرین نے حجاب پر پابندی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس پابندی کو ختم کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب باحجاب طالبہ مسکان خان نے ہندوستان میں عدالت کی جانب سے حجاب کی حمایت میں فیصلہ دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس طالبہ نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ وہ اپنے حقوق کے لئے لڑ رہی ہے ، کہا ہے کہ اس سلسلے میں وہ ہندوستان کی سپریم کورٹ کے فیصلے کی منتظر ہے۔
ہندوستان کی یہ باحجاب طالبہ،کہ جسے انتہا پسند ہندوؤں نے گھیر کر اسے ہراساں کرنے کی کوشش کی تھی اور اس نے ڈٹ کر ان کا مقابلہ کیا تھا حق کی آواز اٹھانے کے لئے دیگر طالبات کے لئے ایک مثالی نمونہ بن گئی ہے۔