Mar ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: 4 ریاستوں میں بی جے پی کو برتری، پنجاب میں عاپ کی زبردست کامیابی

ہندوستان کی 5 ریاستوں میں ہونے والے حالیہ اسمبلی انتخابات کی گنتی جاری ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق 4 ریاستوں میں بی جے پی کو برتری حاصل ہے جبکہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی نے جیت کی تاریخ رقم کردی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستانی کی 5 ریاستوں اترپردیش، پنجاب، اتراکھنڈ، گوا اور منی پور میں حال ہی میں ریاستی اسمبلی انتخابات منعقد ہوئے تھے اور آج صبح پانچوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔

بی جے پی کو چار ریاستوں اترپردیش، اتراکھنڈ، منی پور اور گوا میں برتری حاصل ہے جبکہ ریاست پنجاب میں عام آدمی پارٹی نے دو تہائی اکثریت حاصل کرکے تاریخ رقم کی ہے۔ 117 رکنی پنجاب اسمبلی میں عام آدمی پارٹی ابھی کچھ دیر پہلے تک 89 نشستیں جیت چکی ہے جبکہ اس کے 3 امیدوار ووٹوں کی گنتی میں آگے چل رہے ہیں۔

سب سے اہم اور سب بڑی ریاست اترپردیش میں حکمراں بی جے پی ایک بار پھر اکثریت کی طرف بڑھ رہی ہے۔ تھوڑی دیر پہلے تک بی جے پی کو 77سیٹیں حاصل ہوچکی تھیں اور وہ 173 نشستوں پر آگے چل رہی تھی۔ اہم اپوزیشن جماعت سماجوادی پارٹی کو 19 سیٹیں مل چکی ہیں اور وہ 96 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ اترپردیش اسمبلی میں 403 سیٹیں ہیں۔

اترا کھنڈ کی 70 رکنی اسمبلی میں بی جے پی نے 25 سیٹیں حاصل کی ہیں اور اس کے 22 امیدواروں کو برتری حاصل ہے۔

گوا میں، جہاں ریاستی اسمبلی کی کل 40 سیٹیں ہیں، بی جے پی کو تھوڑی دیر پہلے تک 20 سیٹیں اور کانگریس پارٹی کو 10 سیٹیں حاصل ہوچکی تھیں جبکہ کانگریس ایک نشست پر آگے چل رہی تھی۔ منی پور میں بی جے پی نے بیس سیٹیں حاصل کی ہیں اور 12 سیٹوں پر اس کو برتری حاصل ہے۔

 منی پور میں ریاستی اسمبلی میں کل 60 نشستیں ہیں۔

ٹیگس