لکھیم پور کیس میں ہندوستان کی سپریم کورٹ کا یوپی حکومت کو نوٹس
لکھیم پورکھیری تشدد معاملے میں گواہوں پر مبینہ حملہ کی شکایت کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ہندوستان کی سپریم کورٹ نے بدھ کے روز ریاست اتر پردیش حکومت کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا۔
ہندوستان کی عدالت عظمیٰ نے کلیدی ملزم آشیش مشرا کو الہ آباد ہائی کورٹ کی طرف سے ملی ضمانت کو مسترد کرنے کا مطالبہ کرنے والی عرضی کی سماعت کے بعد نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی۔
چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی والی بینچ نے ہلاک شدہ کسانوں کے اہل خانہ کی جانب سے کلیدی ملزم آشیش مشرا کی ضمانت مسترد کرنے کی خصوصی درخواست پر سماعت کے بعد حکومت کو نوٹس جاری کر دیا۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے کے گواہوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ریاستی سرکار کو ہدایت دی۔ سپریم کورٹ اس معاملے کی اگلی سماعت چوبیس مارچ کو کرے گی۔
مارے گئے کسانوں کے اہلخانہ کے وکیل پرشانت بھوشن نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ اتر پردیش میں لکھیم پور کھیری تشدد معاملے کے ایک گواہ پر گزشتہ جمعرات کی شب حملہ کیا گیا۔ درخواست گزاروں کا یہ بھی الزام ہے کہ ملزمان کی جانب سے گواہوں کو متاثر کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
جلد سماعت کی استدعا کرتے ہوئے وکیل بھوشن نے کہا کہ ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی واپسی کے بعد ملزمین کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہیں۔