ہندوستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روز افزوں اضافہ روکنے کا مطالبہ
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روز افزوں اضافہ روکنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کے مطابق سینیئر کانگریسی رہنما اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعرات کو پارلیمنیٹ کے احاطے میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے براہ راست غریبوں کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر پیٹرولیئم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنا چاہئے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں کانگریس اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے اراکین، ایوان کے اندر اور باہر مسلسل احتجاج اور پیٹرولیئم مصنوعات کی قیمتیں نیچے لانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
راہل گاندھی نے کہا کہ حکومت اس مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے اور پارلیمنٹ کے اندر حزب اختلاف کے اراکین کے مطالبے کو بھی نظر انداز کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ دس دن میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نو بار اضافہ کیا گیا جس کا براہ راست اثر ملک کے غریب طبقے پر ہو رہا ہے۔
راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ حکومت کا سیدھا فارمولا ہے کہ غریبوں کی جیب سے پیسہ نکالا جائے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو دہلی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اسّی اسّی پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ نئے اضافے کے بعد ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں پیٹرول ایک سو ایک روپے اکیاسی پیسے اور ڈیزل ترانوے روپے سات پیسے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ جبکہ ممبئی میں چوراسی پیسے کے اضافے کے ساتھ پیٹرول ایک سو سولہ روپے بہتر پیسے، اور ڈیزل سو روپے چورانوے پیسے فی لیٹر ہوگیا۔ کولکتہ میں جمعرات کو پیٹرول ایک سو گیارہ روپے پینتیس پیسے اور ڈیزل چھیانوے روپے بائیس پیسے جبکہ چنئی میں پیٹرول ایک سو سات روپے پینتالیس پیسے اور ڈیزل ستانوے روپے باون پیسے فی لیٹر پر پہنچ گیا۔