نریندر مودی کا آنلائن خطاب
ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ان کی حکومت غریب سے غریب لوگوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
مسٹر مودی نے کولیشن فار ڈیزاسٹر ریسیلیئنٹ انفرا اسٹرکچر، سی ڈی آر آئی پر بین الاقوامی کانفرنس میں اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کہا کہ ان کی حکومت ملک کی ایسی پائیدار ترقی کے لئے کوشاں ہے جس میں ملک کا کوئی بھی فرد پیچھے نہ رہے ۔
اس بین الاقوامی کانفرنس سے آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن، گھانا کے صدر نانا اڈو ڈونکوا فواڈو، جاپان کے وزیر اعظم فومیوکیشیدا سمیت مختلف عالمی رہنماؤں نےخطاب کیا۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کانفرنس کے لئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کسی بھی بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مرکزی حیثیت لوگوں کو حاصل ہونی چاہئے اور ہندوستان میں وہ اسی پالیسی پر گامزن ہیں ۔
مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان میں تعلیم ، صحت، پینے کے پانی ، صفائی ، بجلی اور دیگر شعبوں میں بنیادی خدمات کو وسعت دینے اور معیار بلند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ہندوستان کے وزیر واعظم نریندر مودی نے یہ دعوی ایسی حالت میں کیا ہے کہ اس وقت ملک بجلی کے بدترین بحران سے دوچار ہے ۔
اس کے علاوہ انہوں نے اپنی حکومت کی جانب سے سب کی یکساں ترقی کی کوششوں کا ذکر ایسی حالت میں کیا ہے کہ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں طبقاتی اور فرقہ وارانہ خلیج بڑھ گئے ہیں، اگرچہ سب کا ساتھ سب کا وکاس، یعنی سب کی ترقی مسٹر مودی کا سلوگن ہے لیکن حزب اختلاف، ان کی جماعت پر ملک کے عوام کو تقسیم کرنے کی پالیسی پر چلنے کا الزام لگاتی ہے۔