May ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۵:۲۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں گھریلو گیس کی قیمت میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے حکومت سے گھریلو گیس کی قیمت میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ہندوستان میں سنیچر کو گھریلوگیس کی قیمت میں پچاس روپے فی سلنڈر اضافہ کردیا گیا۔ نئے اضافے کے بعد گھریلو گیس نو سو ننانوے روپے پچاس پیسے فی سلنڈر ہوگئی ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ ہندوستان میں رواں مہینے کے آغاز میں ہی کمرشل سلنڈر کی قیمت میں ایک سو دو روپے فی سلنڈر اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد انیس کلو کے کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت دو ہزار تین سو پچپن روپے پچاس پیسے ہوگئی ۔
ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافے پر کانگریس پارٹی نے مودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے بڑھی ہوئی قیمت فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
کانگریس پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے نئی دہلی میں پارٹی کے صدر دفتر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کھانا پکانے کی گیس اب ملک کے متوسط اور غریب طبقے کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت میں عوام کے کچن کا چولھا مہنگائی کی آگ سے جل رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مئی دو ہزار چودہ میں ایل پی جی کی قیمت چار سو چودہ روپے تھی جو آج نو سو ننانوے روپے پچاس پیسے ہوگئی ہے۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ رسوئی گیس کی قیمت دو ہزار چودہ کی سطح پر واپس لائی جائے۔

ٹیگس