کورونا ہلاکتوں پر ڈبلیو ايچ او کی رپورٹ کے بعد راہل کا مودی پر شدید حملہ
ہندوستانی حکومت پر کورونا سے ہوئی اموات کے صحیح اعداد و شمار چھپانے کا الزام ہے۔
عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کی طرف سے تازہ رپورٹ میں ہندوستان میں کورونا سے 47 لاکھ اموات ہونے پر مبنی اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد، حکومت ہند پر عوام سے کورونا کی اموات کی اصل تعداد چھپانے کا سنگین الزام عائد ہو رہا ہے۔ اس پر حزب اختلاف کی پارٹیوں نے نہ صرف جواب طلب کیا ہے، بلکہ اس معاملے میں تحقیقات کے لئے کل جماعتی کمیشن تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
کانگریس پارٹی کے سابق صدر، راہل گاندھی نے اس معاملے میں تنقید کی لگام سنبھالتے ہوئے ایک بار پھر مودی کی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کو شیئر کرتے ہوئے کہا، ”مودی جھوٹ بولتے ہیں سائنس نہیں! کووڈ وباء سے 47 لاکھ ہندوستانی لقمہ اجل بنے، یہ حقیقت ہے، 5 اعشاریہ 2 لاکھ نہیں جیسا کہ مودی حکومت نے دعوی کیا ہے، مودی جھوٹ بولتے ہیں سائنس جھوٹ نہیں بولتی!“
راہل گاندھی نے مرنے والوں کے لواحقین کو 4-4 لاکھ معاوضہ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے نتیجے میں اندراج کردہ اموات سے 3 گنا زیادہ افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔ اس رپورٹ میں آیا ہے کہ اب تک جن اموات کو شمار نہیں کیا گيا ان میں قریب نصف کا تعلق ہندوستان سے ہے۔
دوسری طرف حکومت ہند نے کورونا پر اموات سے متعلق ڈبلیو ایچ او کے اعداد و شمار کو مسترد کر دیا ہے۔ اس کا کہنا ہے ڈبلیو ایچ او کا گنتی کرنے کا طریقہ غلط ہے۔
ادھر مرکزی وزیر صحت منسکھ ماںڈویا نے گجرات کے کیوڑیا میں صحت کیمپ کے آخری دن 7 مئی کو کہا کہ ہم ڈبلیو ایچ او کے کووڈ سے ہوئي موت کے اندازوں کو نہیں مانتے، ہم سنہ 1969 سے قانونی زندگی اور موت کا اندراج کر رہے ہیں۔